یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں،شہباز شریف

پاکستان میں مختلف شعبوں میں اہم اصلاحات کیلئے مشاورت اور مہارت کی فراہمی کیلئے یورپی یونین اہم کردار ادا کر سکتا ہے،وزیراعظم کی یورپی یونین کی سفیر سے گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں،پاکستان میں مختلف شعبوں میں اہم اصلاحات کیلئے مشاورت اور مہارت کی فراہمی کیلئے یورپی یونین اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ایمبیسیڈر رینا کیونکا نے ملاقات کی۔

۔ وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد کے پیغامات پر یورپی یونین کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی یونین کیساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں اطراف کے درمیان موجودہ ادارہ جاتی لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے جی ایس پی پلس سکیم کے حوالے سے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں اہم اصلاحات کیلئے مشاورت اور مہارت فراہم کرنے کیلئے یورپی یونین اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔یورپی یونین کی سفیر نے وزیراعظم کو دونوں اطراف کے درمیان تعاون کے مختلف اقدامات بارے آگاہ کیا جن میں دونوں فریقین کے درمیان نقل و حرکت کے معاملات اور پاکستان میں کام کرنے والے یورپی کاروباروں کو سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔ ملاقات میں پاکستان سے یورپی یونین کے ممالک کے لیے پروازوں کی بحالی پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔