پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کیخلاف درخواست، وفاقی و صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت فریقین سے جواب طلب

جمعرات 18 اپریل 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت فریقین سے 15مئی تک دوبارہ جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار سابق لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے درخواست میں موقف اپنایا کہ لوکل باڈیز ایکٹ 2021-22 کی بیس سے زائد دفعات آئین اور قانون کے برعکس ہیں، آئین جمہوریت میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کا کہتا ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں مالی اختیارات انتظامیہ کو منتقل کئے گئے ہیں ،چھ ماہ سے لوکل باڈیز کے امور ضلعی افسران چلا رہے ہیں ،مقامی منتخب حکومتیں ختم ہوچکیں لیکن الیکشن نہیں کرائے گئے ،الیکشن کمیشن لوکل باڈیز الیکشن 120 روز میں کرانے کا پابند ہے، عدالت الیکشن کمیشن کو لوکل باڈیز الیکشن پرانے ایکٹ کے تحت کرانے کا حکم اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی آئین سے متصادم 20 شقوں کو کالعدم قرار دے۔