جنگ بھی فلسطینی قوم کے جذبے کو شکست نہ دے سکی‘ متحدہ علما کونسل

عالمی برادری کی جنگ بندی کیلئے غیر موثر حکمت عملی مظلوم نہتے فلسطینیوں کے ساتھ سنگین ظلم ہے

جمعہ 19 اپریل 2024 13:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جنگ بھی فلسطینی قوم کے جذبے کو شکست نہ دے سکی، عالمی برادری کی جنگ بندی کیلئے غیر موثر حکمت عملی مظلوم نہتے فلسطینیوں کے ساتھ سنگین ظلم ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی اسرائیلی مظالم پر خاموشی مظلوم فلسطینیوں پر تاریخ کا بدترین ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نماز عبادات اور قیام و رکوع سجود میں خدا کے حضور جھکے انسانوں پر بے رحمانہ تشدد اور نہتے انسانوں کا درندگی کے ساتھ قتل اقوام متحدہ اور او آئی سی کی خاموشی تاریخ کی انتہائی تلخ حقیقت ہے۔ فلسطینی نسل در نسل قبلہ اول کو صیہونی تسلط سے نکالنے کیلئے اپنی جان مال اولاد کہ قربانیاں دیتے آرہے ہیں۔ پاکستان کے غیور عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ خون کے آخری قطرے تک کھڑے ہیں۔ پاکستان کا فلسطین کے بارے موقف ہمیشہ دو ٹوک اور حتمی ہے۔