کے آئی یو مین کیمپس میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح

جمعہ 19 اپریل 2024 13:16

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے مین کیمپس میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے افتتاح کر دیا ۔اس اہم منصوبے سے صاف پانی کی فراہمی سے گرلز ہاسٹل، یونیورسٹی کالونی اور دیگر بلاکس مستفید ہوں گے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق قراقرم یونیورسٹی مین کیمپس میں افتتاحی تقریب کا اہتمام کیاگیاجس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ سمیت یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی افسران نے شرکت کی۔

خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی کالونی اور ہاسٹل کو درکار صاف پانی حاصل کرنے کا مقصد پورا ہوگا، اس منصوبے کو بہتر انداز میں پائے تکمیل تک پہنچانے پر ورکس ٹیم کی محنت کو سراہا اور کلین واٹر سپلائی منصوبے کو سولر پاور سسٹم پر تبدیل کرنےکے احکامات جاری کئے تاکہ بجلی کے چارجز کو بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ڈائریکٹر ورکس نے نے کلین واٹر سپلائی منصوبے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی کی کل گہرائی 205 فٹ ہے جس میں 70 فٹ پر پانی ہے جو کہ ڈبلیو ایچ او کے معیارات کے مطابق مطابقت رکھتا ہے اور مطلوبہ معیار پر پورا اترتا ہےجس کی جانچ کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال 2کلین واٹر سپلائی کے منصوبے پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مین کیمپس میں بنائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے دریا سے نکالے گئے پانی سے دھونے کا پانی استعمال کیا جاتا تھا جس میں گندگی کی سطح زیادہ ہوتی تھی اور پینے کا پانی کارگاہ نالے سے لایا جاتا تھا جس پر بھاری اخراجات سمیت وقت کا ضیائع ہوتا تھااور پانی کامعیار بھی خراب اور پانی کی کمی کا باعث بنتا تھا۔وائس چانسلر نے مزید کہاکہ یونیورسٹی کالونی کے مکین پانی کے ضیائع سے گریز کرتے ہوئے کفایت شعاری کے ساتھ پانی کا استعمال کویقینی بنائیں۔ انہوں نے ورکس سٹاف کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ تمام ٹینکوں پر فلوٹس لگائیں تاکہ پانی ضائع نہ ہو ۔