کراچی،پولیس نے لانڈھی میں غیرملکیوں پر ہونے والے حملے کو ناکام بنادیا، دو دہشتگرد ہلاک

جمعہ 19 اپریل 2024 13:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی نے کہا ہے کہ پولیس نے لانڈھی کے علاقے میں غیرملکیوں پر ہونے والے حملے کو ناکام بنادیا، واقعے میں دو دہشتگرد ہلاک اورغیر ملکیوں کے قافلے کی حفاظت پر مامور( غیر ملکی شہریوں کے ایک گروپ کا )سکیورٹی گارڈ دہشت گردوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمعے کو علی الصبح کراچی کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم دہشت گردوں نے غیر ملکی شہریوں کے قافلے پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر ناکام بنا دیا، اس دوران غیر ملکی مہمان محفوظ رہے تاہم، دو دہشت گرد ہلاک اور ایک سکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملیر پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جی ایسٹ کیپٹن ریٹائرڈ غلام اظفر مہیسر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی سپیشل برانچ عارف عزیز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تین گاڑیوں میں غیر ملکی جا رہے تھے،سپیڈ بریکر پر گاڑی کی رفتار کم ہوئی تو حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کام کررہی ہے اور حملے کے شواہد ملے ہیں۔\932