لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ کو فوری تبدیل کرنے کا حکم

عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر دونوں افسران کو تبدیل کرنے کا حکم دیا،جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 13:15

لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ کو فوری تبدیل کرنے کا حکم،عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر دونوں افسران کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت، جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ سی بی ڈی 100 ایکٹر رقبے پر کیا کرنے جا رہے ہیں؟ وکیل سی بی ڈی نے جواب دیا کہ سی بی ڈی پنجاب حکومت کا پروجیکٹ کرنے جا رہا ہے۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ ہاوٴسنگ سوسائٹیز زرعی رقبے کو ختم کر رہی ہیں جس سے فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ اس پر حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ سے غور کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وکیل سی بی ڈی نے کہا کہ لاہور کے گردونواح میں غیر قانونی ہاوٴسنگ سوسائٹیز کی بھرمار ہے، دو ایکڑ زمین خرید کر بجلی کا کھمبا لگا دیا جاتا ہے اور ہاوٴسنگ سوسائٹی بن جاتی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ شاید ہاوٴسنگ سوسائٹیز سے متعلق کوئی پالیسی نہیں ہے۔عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کیس پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی تھی۔لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کرنا تھی۔

واسا کی طرف سے میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران اور لا افسران عدالت میں پیش ہوئے تھے۔عدالت کی جانب سے کہا گیا تھاکہ دیگر اہم اور فوری نوعیت کے کیسز فکس ہیں، سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت 19اپریل جمعہ کو کی جائیگی۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری محکموں سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔