اسرائیل کے حکام ایران پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کریں گے، اسرائیلی اخبار

جمعہ 19 اپریل 2024 13:27

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) اسرائیل کے اخبار یروشلم پوسٹ نے حکومت اور سکیورٹی سروسز کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام سٹریٹجک وجوہات کی بنا پرسرکاری طور پر ایران پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کریں گے۔ تاس کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آئی کہ پینٹاگون نے اس حملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کی معلومات میڈیا کو کیوں لیک کیں۔

یروشلم پوسٹ نے کہا کہ اسرائیل کا خیال ہے کہ امریکا کو اس معاملے پر خاموش رہنا چاہیے تھا تاکہ ایران کے وقار کو محفوظ رکھا جا سکے اور حالات کو مزید بگڑنے سے بچایا جائے۔اسرائیلی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ’’آنکھ کے بدلے آنکھ، دانت کے بدلے دانت‘‘ کے اصول کے مطابق اسرائیل نےاسی طرح جواب دیاجس طرح اس پر حملہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے وضاحت کی کہ اسرائیل اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا کیونکہ تہران اسے ’’فیکٹری میں دھماکہ‘‘قرار دیتا ہے اور وہ کشیدگی میں اضافے سے بچنا چاہتا ہے۔قبل ازیں اے بی سی ٹیلی ویژن نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے خبر دی تھی کہ اسرائیل نے ایرانی علاقے میں ایک جگہ پر میزائل حملہ کیا ہے۔ سی این این نے ایک اور امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ لانچ 13 اپریل کو ایرانی حملے کا اسرائیلی ردعمل تھا۔

ایرانی میڈیا نے اپنی طرف سے اطلاع دی ہے کہ جمعے کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 3:00 بجے کے قریب صوبہ اصفہان کے آسمان پر ڈرون دیکھے گئے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اصفہان شہر کے آسمان پر فضائی دفاع کے ذریعے تین ڈرون مار گرائے گئے۔ تسنیم خبر رساں ادارے نے کہا کہ ایرانی سرزمین پر کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا۔ ایرانی فوج کے جنرل سیاوش میہان دوست نے کہا کہ اصفہان میں ریکارڈ کی گئی بلند آوازیں مشکوک اشیا پر فضائی دفاع کے کام کی وجہ سے ہیں اور شہر میں کوئی تباہی یا حادثات ریکارڈ نہیں کئے گئے۔