Live Updates

تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات سے قبل صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کی مذمت

ضمنی انتخابات سے قبل دفعہ 144 کا نفاذ دستور سے انحراف اور جمہوریت کی روح پر حملہ ہے، ترجمان تحریک انصاف

جمعہ 19 اپریل 2024 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات سے قبل صوبے کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 کے نفاذ پر سخت رد عمل کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات سے قبل صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ شرمناک، قابلِ مذمت، دستور سے انحراف اور جمہوریت کی روح پر حملہ ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ سے ضمنی انتخابات سے قبل صوبے کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 کا نفاذ ہاری ہوئی وزیراعلیٰ الیکشن کمیشن کی معاونت سے عوامی مینڈیٹ پر نئے ڈاکے کی تیاری میں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دستور کا آرٹیکل 16 ہر شہری کو پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کی اجازت دیتا ہے، عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو ہرانے کیلئے دستور و قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں اور انتخابی مہم چلانے کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ہر دلعزیز قائد عمران خان کے نظریہ کیساتھ ہیں اور 21 اپریل کو باہر نکل کر ایک مرتبہ پھر فارم 47 زدہ مینڈیٹ چوروں کو مسترد کریں گے۔ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ آنکھیں کھولے اور مجرم الیکشن کمیشن اور بیوروکریسی کے ہاتھوں دستور و قانون سے بدترین انحراف کے سلسلے کو روکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات