کاروباری مرکز بلیو ایریا کے پٹرول پمپ کے سامنے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کاروباری مرکز بلیو ایریا کے پٹرول پمپ کے سامنے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کی ٹیموں نے پاکستان نیوی کی مدد سے آگ بجھائی تاہم آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا - ترجمان ایم سی آئی ڈاکٹر عبداللہ تبسم نے اے پی پی کو بتایا کہ آئل ٹینکر پٹرول سے بھرا ہوا تھا جس میں پٹرول پمپ میں داخل ہونے سے پہلے آگ بھڑک اٹھی ، یہ واقعہ سیکٹر ایف سکس سے متصل بلیو ایریا کے معروف کاروباری مرکز بیورلے سنٹر کے عقبی جانب واقع پی ایس او پٹرول پمپ کے سامنے سروس روڈ پرپیش آیا ، تاہم آتشزدگی کی وجوہات تاحال موصول نہیں ہوسکیں جس کی چھان بین جاری ہے ۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ایم سی آئی کی دو فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

آگ پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پاک بحریہ سے بھی مدد حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کے متعلقہ افسران بھی موقع پر موجود رہے- ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ کو بجھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی، ٹینکر کے اندر پیٹرول موجود ہونےاور سڑک پر تیل پھیلنے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دقت پیش آئی- انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے لئے کیمیکل کا بھی استعمال کیا گیا ۔

عرفان نواز میمن نے کہا کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے قریبی بلڈنگز کو خالی کروا لیا گیا اور ٹریفک کے لئے بھی متبادل انتظام کیا گیا- ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آگ کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لئے اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔