نارووال میں جاں بحق ن لیگی کارکن کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، احسن اقبال

پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی، محمد یوسف کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ ن لیگی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 13:44

نارووال میں جاں بحق ن لیگی کارکن کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں ..
نارووال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میں جاں بحق ن لیگی کارکن کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متوفی محمد یوسف مسلم لیگ ن کا کارکن تھا، پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی، محمد یوسف کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے جاری پولنگ میں نارووال میں تصادم کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ پی پی 54 میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، اس دوران ایک کارکن جاں بحق ہو گیا جہاں مخالفین نے جھگڑے کے دوران کارکن کے سر میں ڈنڈا مارا، جس کے باعث شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ضمنی الیکشن کی پولنگ کے دوران لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوگئی جب کہ شیخوپورہ سے صوبائی حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد پولنگ روکنی پڑگئی، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی پولنگ سٹیشن کے باہر پولنگ کیمپ لگانے پر ہوئی جہاں تصادم کے وقت پولیس نے 4 کارکنان کو حراست میں لیا اور بعد میں معاملہ ختم کروانے کے بعد پولیس نے ان کارکنوں کو چھوڑ دیا جب کہ شیخوپورہ میں جگیاں سیالاں میں حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا جہاں فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل روکا گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے3 افراد زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2،2 اور صوبہ سندھ کی ایک نشست پر پولنگ ہورہی ہے اس کے علاوہ پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر بھی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔