پی پی149 میں پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے خالی فارم 45 پر دستخط کرا لیے

معاملے پر تحریک انصاف کے سپورٹرز اور پریزائیڈنگ آفیسر میں تکرار اور ہاتھا پائی بھی ہوئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 14:24

پی پی149 میں پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے خالی فارم 45 پر دستخط ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) ضمنی الیکشن میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی149 میں پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے خالی فارم 45 پر دستخط کرا لیے، جس پر پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ یہ پری پول رگنگ ہے، پریزائیڈنگ افسر کو گرفتار کیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 میں پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے پہلے ہی فارم 45 پرسائن کرائے، اس معاملے پر تحریک انصاف کے سپورٹرز اور پریزائیڈنگ آفیسر میں تکرار اور ہاتھا پائی بھی ہوئی، پریزائیڈنگ افسر اقبال نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فارم پر سائن وقت بچانے کے لئے کرائے کیوں کہ شام کو وقت کم ہوتا ہے اس لیے سائن پہلے ہی کرائے گئے۔

اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ آر اوز سے خالی فارم 45 پر پہلے ہی دستخط لے لیے گئے ہیں، جنہوں نے دستخط نہیں کیے انہیں مارا پیٹا گیا، ضمنی الیکشن کے اعلان کے بعد چھاپے مارے گئے اور ہمارے ورکرز کی فیملیز کے ساتھ بد سلوکی کی گئی جتنا بھی زور لگالیں اور چاہے کچھ بھی کر لیں آپ کو 8 فروری سے بھی بڑا سرپرائز دیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ندن پلان کے بعد پاکستان میں کاروبار 90 فی صد کم ہو چکا ہے، ضمنی الیکشن میں حکومت کی دھاندلی کے باوجود نشستیں جیتیں گے، حکومتی پارٹیاں بلوچستان میں ایک جلسہ کر کے دکھائیں، بیساکھیوں پر بننے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ بتایا جارہا ہے کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2،2 اور صوبہ سندھ کی ایک نشست پر پولنگ ہورہی ہے اس کے علاوہ پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر بھی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔