پی ٹی آئی کو بار بار جیت کا چسکا لگا تھا، شکست کے خوف سے باولے ہوگئے ہیں، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب کا ضمنی الیکشن کے دوران نارووال میں مسلم لیگ ن کے کارکن کی ہلاکت پر اظہار تعزیت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 14:40

پی ٹی آئی کو بار بار جیت کا چسکا لگا تھا، شکست کے خوف سے باولے ہوگئے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بار بار جیت کا چسکا لگا تھا، شکست کے خوف سے باولے ہوگئے ہیں۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے غنڈوں نے حسب روایت اپنی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا ہے، پنجاب پولیس کو فوری ن لیگی کارکن محمد یوسف کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے، ابھی پولنگ شروع ہوئے چند گھنٹے ہوئے ہیں فتنہ پارٹی نے رونا دھونا پہلے ہی شروع کردیا ہے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو بار بار جیت کا چسکا لگا تھا کیوں کہ یہ ہمیشہ دھاندلی سے جیتتے تھے، اب ان کو دھاندلی کیلئے سہولت کاری میسر نہیں آ رہی اس لئے غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری پر اتر آئے ہیں اور شکست کے خوف سے یہ باولے ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میں جاں بحق ن لیگی کارکن کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، متوفی محمد یوسف مسلم لیگ ن کا کارکن تھا، پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی، محمد یوسف کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے جاری پولنگ میں نارووال میں تصادم کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ پی پی 54 میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، اس دوران ایک کارکن جاں بحق ہو گیا جہاں مخالفین نے جھگڑے کے دوران کارکن کے سر میں ڈنڈا مارا، جس کے باعث شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

قبل ازیں ضمنی الیکشن کی پولنگ کے دوران لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوگئی جب کہ شیخوپورہ سے صوبائی حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد پولنگ روکنی پڑگئی، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی پولنگ سٹیشن کے باہر پولنگ کیمپ لگانے پر ہوئی جہاں تصادم کے وقت پولیس نے 4 کارکنان کو حراست میں لیا اور بعد میں معاملہ ختم کروانے کے بعد پولیس نے ان کارکنوں کو چھوڑ دیا جب کہ شیخوپورہ میں جگیاں سیالاں میں حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا جہاں فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل روکا گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے3 افراد زخمی ہوگئے۔