رینجرزسندھ اور پولیس کی مشرکہ کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

اتوار 21 اپریل 2024 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان سندھ رینجرز کے اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز(سندھ)اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کے دوران اندرونِ سندھ ضلع کشمور کے علاقے خیر شاہ سے2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی بمعہ رائونڈز، 12بور ڈبل بیرل، ایک پسٹل ایم فور اور4 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں ۔

پاکستان رینجرزسندھ اور پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پرقتل،اقدام قتل،ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، بینگواڑ گینگ کو اسلحہ مہیا کرنے،سہولت کاری اور دیگر جرائم میں مطلوب ملزما ن رحیم بخش گولو، مولن سبزوئی، بھائی گولو اور خالد گولو کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ملزم سائیں بخش زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ملزم الہی بخش کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل،اقدام قتل اور دیگر جرائم کی متعدد ایف آئی آر بھی درج ہیں۔ آپریشن کے دوران گینگ کے تمام ٹھکانوں کو مسمارجبکہ مورچوں کو تباہ کر دیا گیا۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے انڈس ہائی وے کو محفوظ بنانے کیلئے دیگر گینگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔

عوام ڈاکوئوں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔