بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

پیر 22 اپریل 2024 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے حال ہی میں منتخب ہونے والے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میرپورخاص کے نومنتخب صدر علی حسن چانڈیو اور جنرل سیکرٹری عزیز احمد لغاری ایڈووکیٹ کو دلی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے صدر نوید احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری سندر خان ایڈوکیٹ سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد پیش کی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کے نومنتخب صدر حبیب اللہ غوری اور جنرل سیکرٹری کامران گورڑ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شہید بینظیر آباد کے صدر علی رضا چنا اور جنرل سیکرٹری نعیم منگی کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے پیپلز لائرز فورم (پی ایل ایف) سندھ چیپٹر کے عہدیداروں اور کارکنوں کی وکلا برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کاوشوں، آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی غیر معمولی کارکردگی اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بار ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداران وکلا برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وکلا برادری نومنتخب اداروں کی قیادت میں پاکستان میں آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جاری جدوجہد میں فعال کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ملک بھرکی وکلا برادری کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ملک میں آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور ان اصولوں سے سمجھوتہ کرنے والی کسی بھی مصلحت کو سختی سے رد کرتی ہے۔