مخصوص نشستوں پر حلف کا معاملہ، خیبرپختونخوا کابینہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کی منظوری دیدی

کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی، سپریم کورٹ کےفیصلے تک اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جائے گا۔ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 اپریل 2024 11:40

مخصوص نشستوں پر حلف کا معاملہ، خیبرپختونخوا کابینہ نے سپریم کورٹ سے ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کی کابینہ نے مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی منظوری دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی سے حلف لینے کے معاملے پر صوبائی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے جاری کردہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف آج سپریم کورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے بتایا کہ کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی، سپریم کورٹ کے فیصلے تک اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے، مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کیا، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس میں عدالت نے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کے پی اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیں، مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کو حلف سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت 14 دن کے اندر خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے، خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل ان نو منتخب ممبران سے حلف لیا جائے۔ علاوہ ازیں پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف سے مشروط کرنے کے الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیا۔