ضمنی الیکشن کے موقع پر انتخابی عذرداریاں نمٹانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جس کو بھی الیکشن کے حوالے سے تحفظات ہیں وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے، اعظم نذیر تارڑ

پیر 22 اپریل 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر انتخابی عذرداریاں نمٹانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جس کو بھی الیکشن کے حوالے سے تحفظات ہیں وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں مختلف ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے دستور اور اسمبلی کے قواعد کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حلف اٹھا رکھا ہے، ہمیں باتوں سے لاجواب کیا جا سکتا ہے، طعنوں سے کوئی لاجواب نہیں ہوتا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہی وہ ادارہ ہے جس نے انتخابات کرانے ہوتے ہیں اور تمام شکایات کا ازالہ بھی اس ادارے نے کرنا ہے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کا تعین سابق وزیراعظم نے اس وقت کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی مشاورت سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو بربریت نارووال میں ہوئی اور ہمارے ایک سیاسی کارکن کو قتل کیا گیا، چوہدری پرویز الٰہی اپنے بھتیجے سے بھاری اکثریت سے ہارے ہیں اگر انہیں کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

عالیہ کامران نے کہا کہ اس ایوان میں صدق احسان بیٹھی ہیں ان کو بھی ہماری پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا۔ صدق احسان نے کہا کہ ہم سب کو اتفاق کے ساتھ ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہئے ہم یہاں پاکستان کیلئے ہیں میں لکی مروت سے ہوں مولانا فضل الرحمن نے مجھے یہ ٹکٹ دیا تھا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آرٹیکل 219 کا تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ انتخابات صاف شفاف اور منصفانہ کرائے جائیں۔ ہمیں ریٹر ننگ افسر کے پاس نہیں جانے دیا گیا اس معاملے کی چھان بین کی جائے اور رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔