Live Updates

حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ، ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، چوہدری نعیم کریم

پیر 22 اپریل 2024 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) مسلم لیگ(ن) کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے ضمنی انتخابات میں پنجاب اور بلوچستان میں پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی قائد محمدنواز شریف اور وزیراعظم محمدشہباز شریف کی قیادت پراعتماد کااظہارہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ،عالمی ادارے بھی معاشی اشاریے بہتر ہونے کی پیشگوئی کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی 11میں سے 9اور قومی اسمبلی کی لاہور اور قصور کی دو نشستوں جبکہ بلوچستان سے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر مسلم لیگ(ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔ حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت سعودی عرب سمیت دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آمادہ ہوئے ہیں ، جس سے ملک ترقی کرے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات