چیئرمین سینیٹ کی ایرانی صدر سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور سمیت پارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور ملاقات کے دوران یوسف رضاگیلانی نے اپنے آبا اجداد اور ایران کے درمیان گہرے مذہبی، روحانی اور تاریخی رشتوں پر روشنی ڈالی

پیر 22 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے اپنے آبا اجداد اور ایران کے درمیان گہرے مذہبی، روحانی اور تاریخی رشتوں پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر چیئرمین سیدسینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور معزز ایرانی وفد کا پاکستان کی آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان کے آبا اجداد کا شجر نصب حضرت غوث الاعظم سے جا ملتا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں بطور وزیراعظم پاکستان ایران کے دوروں کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی میں ایران کے دوروں کے دوران سابق ایرانی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا تھا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشترکہ مذہبی روایات و اقدار اور ثقافتی ورثے پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات علاقائی استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دونوں رہنمائوں کے مابین پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور وفود کے بتادلوں کے حوالے سے بھی زور دیا گیا اوردونوں رہنمائوں نے انسانی حقوق اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کے ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کو سراہا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بربریت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کے لیے ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ اداکرتے ہیں۔دونوں رہنمائوں نے علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور دہشت گردی، سرحدی سلامتی اورخطے میں امن و استحکام کی بہتری کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات میں پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات قابل فخر ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار ہیں۔دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی ہر فورم پر بھر پور حمایت کی ہے۔ ایرانی صدر نے کہاکہ مسلم امہ کی بقا اور بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام وفوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کی ایران کے ساتھ مذہبی اور روحانی وابستگی کو سراہا۔