جاوید آفریدی نے بابراعظم سے کیا وعدہ پورا کردیا

پشاور زلمی کے مالک نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے وائٹ بال کپتان کو کار کا تحفہ دیدیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 اپریل 2024 11:26

جاوید آفریدی نے بابراعظم سے کیا وعدہ پورا کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اپریل 2024ء ) پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کا تحفہ دیدیا۔ بابر اعظم نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں سنچری بنائی تو جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ پاکستان میں بنائی جانے والی ایم جی کار کو سب سے پہلے ڈرائیو کرنے کا موقع انہیں دیا جائے گا۔

پیر کو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کی چابی دے دی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔ بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

(جاری ہے)

بابر اعظم ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ 11 اننگز میں انہوں نے پانچ نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 56.90 کی اوسط سے 569 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ بابر اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ تیسرے T20I کے دوران جس میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی ،بابر نے ایرون فنچ کو پیچھے چھوڑ کر T20I کپتان کے طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بابر اس فارمیٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ 105 اننگز میں انہوں نے 33 نصف سنچریوں اور تین سنچریوں کی مدد سے 3749 رنز بنائے ہیں۔ یاد رہے کہ انہیں نیوزی لینڈ سیریز کے آغاز سے قبل وائٹ بال فارمیٹس میں دوبارہ کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ شاہین آفریدی کو ایک سیریز کے بعد ہی ہٹا دیا گیا تھا۔