ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کسٹم حکام پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی حکام

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 اپریل 2024 14:10

ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تخریب کاری کی منصوبہ بندی کے لیے نقل و حرکت کر رہے تھے کہ اس دوران دہشت گردوں کے فرار ہونے کے راستے بند کر دیئے گئے، اس دوران عمل میں لائی جانے والی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد جہانزیب بھی شامل ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد کسٹم حکام پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے، کسٹم پولیس پر ان دہشت گروں کی فائرنگ سے ایک بچی بھی جاں بحق ہوئی تھی، ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد بھتا خوری، سیکیورٹی فورسز پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، مقامی آبادی میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا اندیشہ ہے، ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ روز بھی صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، اس حوالے سے پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے اس دوران 11 دہشت گرد مارے گئے، سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور سکیورٹی فورسز نے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، تمام دہشتگرد فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آپریشنز کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے مقامی افراد کی حمایت حاصل تھی۔