وزیرخزانہ کا بیان قابل مذمت ، عوام اپنی ہرسانس کے بدلے ٹیکس ادا کرتے ہیں

بدھ 24 اپریل 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بیان کہ'' عوام کو ٹیکسز دینا پڑینگے، اب اس کے بغیر گزارہ نہیں '' پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنی ہر سانس کے بدلے ٹیکس ادا کر رہے ہیں،حکومت اشرافیہ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کی بجائے عوام کی زندگی کو مشکل بنارہی ہے۔

جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی،گیس کے بلوں سے لیکر پٹرولیم مصنوعات تک ہر چیز پر ہوشربا ٹیکسز نے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ جنوبی ایشیائی خطے میں مہنگائی سب سے زیادہ پاکستان میں ہے جس نے عوام کی کمر کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایک طرف وزیر خزانہ عوام کو دھمکا رہے ہیں جب دوسری جانب ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے آئی ایم ایف سے نئے بیل آوٹ پیکج کے حصول کی درخواست سے چند روز قبل وزیر اعظم دفتر کے افسروں کے لیے بطور انعام 4 اضافی تنخواہوں اور خفیہ طور پر 24 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیکر ثابت کر دیا ہے کہ حکمران اپنے مفادات کو قربان کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ضمنی گرانٹس کے اجرا سے بھی گریز کرے جس کا مقصد رواں مالی سال جی ڈی پی کا 0.4 فیصد اضافی بجٹ کا ہدف حاصل کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر دور حکومت میں آئی ایم ایف کی غلامی کی گئی ہے، موجودہ نومنتخب حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدموں پر چلنے کا اشارہ دے رہی ہے جس کا مطلب عوام پر مہنگائی کے مزید نشتر چلائے جائیں گے۔نصر اللہ گورائیہ نے کہا کہ بھارت یورپی ممالک کے ساتھ 279 کھرب روپے سے زائد کے 15سالہ تجارتی معاہدے کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام نے معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی عوام کو مختلف پیکجز کی آڑ میں بھیک دینے کی بجائے حکمران معیشت کو ٹھیک کریں۔ روزگار کے مواقع دیں، کرپشن کا خاتمہ کریں اور اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکالیں۔