خیبرپختونخوا حکومت کا نسوار، تمباکو پر20 روپے فی کلوگرام سیس بڑھانے پر غور

صوبائی حکومت تمباکو برآمدات کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کر رہی ہے تاکہ بہتر آمدن حاصل کی جاسکے ،مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

جمعرات 25 اپریل 2024 19:35

خیبرپختونخوا حکومت کا نسوار، تمباکو پر20 روپے فی کلوگرام سیس بڑھانے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت ٹوبیکو ڈیویلپمنٹ سیس بارے ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اکمل خٹک اور ٹوبیکو کاشتکاروں کی نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ٹوبیکو ڈیویلپمنٹ سیس میں بالترتیب ورجینیا 50 روپے، سفید پتا/ رسٹیکا تمباکو پر 30روپے اور نسوار تمباکو پر 20 روپے فی کلوگرام سیس بڑھانے پر غور کر رہی ہے تاکہ تمباکو پیدا ہونے والے علاقوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی و خوشحالی ممکن ہوسکے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹوبیکو ڈیویلپمنٹ سیس تمباکو کے اصل قیمت کے نہ ہونے کے برابر ہے جس کے بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صوابی سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تمباکو برآمدات کے بارے میں بھی لائحہ عمل تیار کر رہی ہے تاکہ تمباکو کو برآمد کرکے بہتر آمدن حاصل کی جاسکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا کہ تمباکو ڈیویلپمنٹ سیس متعلقہ علاقے کی ترقی پر خرچ کی جا رہی ہے اور جتنا سیس فنڈز زیادہ علاقے کو ملیں گے متعلقہ علاقوں میں اتنے زیادہ ترقیاتی کام ممکن ہوسکیں گے۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو بتایا گیا کہ تمباکو کے نقصان یا تباہی کی صورت میں دس فیصد یا اس سے کم سیس دیا جائے گا اگر پہلی سہ ماہی میں اس طرح کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوتا ہے، تو فنڈ کو دیگر ترقیاتی شعبوں میں بھیج دیا جائے گا جس سے تمباکو پیدا کرنے والے علاقوں میں کھیلوں یا نوجوانوں کی تفریح سرگرمیوں کیلئے بروئے کار لایا جائے گا اس کے علاوہ پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی متعلقہ علاقے میں کی جاسکتی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسی طرح کے 17 مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے یہ فنڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔