سینیٹر تاج حیدر کا سی ڈی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا اعلان

جمعہ 26 اپریل 2024 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے سی ڈی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں سازش کے تحت آپریشن کیا گیا، سی ڈی اے نے آپریشن کرکے جرم سرزد کیا ، کھیلوں کیلئے مختص تیس سال کی محنت کو تیس منٹ میں برباد کردیا گیا۔

پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں سید سبط حیدر اور کامران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں سالہا سال سے بینظیر بھٹو شہید ٹینس ٹورنامنٹ منعقد کروا رہے تھے ، سی ڈی اے آپریشن پر سخت تشویش ہے ، وزارت داخلہ کیساتھ معاہدے کے باوجود ٹینس کمپلیکس میں آپریشن کرنا پریشان کن ہے، ایک جنگل کو کھیلوں کیلئے آباد کیا تھا، تیس سال کی محنت کو سی ڈی اے نے برباد کردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سی ڈی اے نے رات کی تاریکی میں غیر قانونی کارروائی کی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سی ڈی اے نے آپریشن کیا جس پر توہین عدالت کی کارروائی کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے علم میں تمام معاملات ہے۔پیپلز پارٹی کے راہنما سید سبط بخاری نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی اسلام آباد ٹینس کمپلیکس کے ٹورنامنٹس کھیلتے تھے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے نمائندے یہاں آتے تھے ، ہم سی ڈی اے کے کوئی ڈیفالٹر بھی نہیں تھے۔ انہوںنے کہاکہ سازش کے تحت سی ڈی اے نیاسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں آپریشن کیا،سی ڈی اے کی اس کمپلیکس کو دوبارہ تعمیر کروا کے دیئے۔