امان اللہ خان مرحوم کی آٹھویں برسی کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس

جمعہ 26 اپریل 2024 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) قائد تحریک آزادی کشمیر اور لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئےکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ اس موقع پر ممتاز حریت پسند کو ان کی آٹھویں برسی پر برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کنوینئر نے کہا کہ امان اللہ خان نے اپنی زندگی محکوم و مظلوم جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے صرف کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعہ کوضلع بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، بھارتی فوجیوں نے ضلع سوپور کے علاقے نوپورہ میں محاصر ے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کوشہید اورایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے راجوری ، پونچھ اور بانڈی پورہ اضلاع سے 100سے زائد بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ یہ گرفتاریاں مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبو ت ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کے ماحول میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ بھارتی فوجیوں کے جرائم پرشدید تنقید کرتے ہوئے مقررین نے بھارت کے جبری تسلط سے جموں و کشمیر کی آزادی تک اپنے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر اپنا عملی رد عمل ظاہر کرنا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کی نامور انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیموں خاص کر ایمنسٹی انٹرنیشنل،ایشیا واچ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لے کر انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنی اخلاقی زمہ داریوں کو پورا کریں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ آخر میں شہداء کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔