وزیراعظم کی کاربن کریڈٹس بارے پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام امور پرصوبوں کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی پالیسی سازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،شہباز شریف

جمعہ 26 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کاربن کریڈٹس بارے پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام امور پرصوبوں کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی پالیسی سازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میںوفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کیلئے کوارنیٹر رومینہ خورشید عالم، متعلقہ اعلی حکام اور سرکاری و نجی شعبے سے ماہرین نے شرکت کی جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیراعلی گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراِ اعلی نے پالیسی سازی کے حوالے سے اپنے اپنے صوبے کے مو قف سے آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں،اجلاس میں پالیسی گائیڈلائنز فار ٹریڈنگ ان کاربن کریڈٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے صوبوں سے مشارت کے بعد کونسل کے آئندہ اجلاس میں مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو اس اہم پالیسی مسودے کیلئے صوبوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مکمل طور پر اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک مین سر فہرست ہے،2022ء کی بارشوں اور اس کے نتیجے میں سیلاب سے ملک بری طرح متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خادمِ پاکستان کے ناطے سیلاب کے متاثرین کی مدد و بحالی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا کیس لڑا،احسن اقبال اور شیری رحمن کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں نے مل کر پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے کلیدی اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک، عالمی برادری بالخصوص سیکٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستانیوں کی پکار پر لبیک کہا جس کیلئے مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پالیسی سازی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہمارے چیلنجز میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے،ملک بھر میں کاربن کریڈٹس کے حوالے سے اقدامات میں بہتری آئی ہے جن کو مزید تیز اور موثر کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کاربن کریڈٹس کے حوالے سے پالیسی رہنماء اصولوں کے حوالے سے حتمی پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام امور پرصوبوں کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی پالیسی سازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔