انصاف اس طرح ہونا چاہیے جیسا قانون کہتا ہے،سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انصاف اس طرح ہونا چاہیے جیسا قانون کہتا ہے، پاکستان کو گزشتہ چالیس سال سے دہشتگردی کا سامنا ہے جس کو ختم کرنے کیلئے حکومت، پاک فوج اور دیگر حساس ادارے پر عزم ہیں، سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں۔وہ ہفتہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں 2 روزہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی آ زادی کا حامی ہوں ،یہ طریقہ عمل جمہوری ملک ہونے کا ثبوت ہے اور یہ میرے دل کے بہت قریب ہے، ڈیجیٹل رائٹس اور قابل اعتراض مواد کے معاملے پر جلد بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنا اختیار کم کر کے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا رکن ہوں، سیاسی قوتوں سے بھی اس مسئلے پر بات کی ہے، تمام مسائل کو مذاکرات کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں ، صارفین کے رویے پر مزید پالیسی گائیڈ لائنز متعارف کروائیں گے۔سوشل میڈیا بندش کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی سوشل میڈیا کے مسائل موجود ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی، اس حوالے سے ہم نے ایک پالیسی بنائی جو تقریبا 90/95 فیصد سٹیک ہولڈرز کو قابل قبول تھی لیکن پھر نگران حکومت آگئی جس کی وجہ سے اس پر قانون سازی نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور ان کا موقف بھی سن رہے ہیں، سوشل میڈیا سے متعلق پالیسی پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے ، صارفین کے رویے پر بھی مزید پالیسی گائیڈ لائنز لا رہے ہیں۔