ججز خط معاملہ ،سپریم کورٹ کا 6رکنی لارجر بنچ ازخودنوٹس کیس پرمنگل کو سماعت کریگا

اتوار 28 اپریل 2024 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) سپریم کورٹ کا 6رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملہ پر از خود نوٹس کیس پر (کل)منگل کو سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بنچ جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

کاز لسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے دیگر 9 درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں جن میں پاکستان بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، بلوچستان ہائی کورٹس بار ایسوسی ایشن سمیت بیرسٹر اعتزاز احسن اور میاں دائود ایڈووکیٹ سمیت دیگر درخواستیں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کا 6رکنی لارجر بنچ منگل کو صبح ساڑھے 11بجے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔