قائد اعظم کے دورہ سیالکوٹ بارے مرزا ارشد طہرانی کی کتاب ایم پی اے چودھری طارق سبحانی کو پیش،رہنما ن لیگ کا مصنف کو خراج تحسین

پیر 29 اپریل 2024 13:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) سیالکوٹ کے ممتاز لکھاری اور محقق مرزا محمد ارشد طہرانی نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی کو اپنی کتاب قائد اعظم کا دورہ سیالکوٹ پیش کی ، انہوں نے بتایا کہ محمد علی جناح 80 سال قبل آج کے دن مسلم لیگ پنجاب کے تین روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے تشریف لائے تو زندہ دلان سیالکوٹ نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں صوبہ پنجاب کو پاکستان میں شامل کرنے کی مخالف جماعت یونینسٹ پارٹی کے دس ارکان اسمبلی نے اپنی جماعت چھوڑ کر مسلم لیگ میں شرکت کا فیصلہ کیا ،عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کی وجہ تحریک پاکستان کو ایک نیا جوش و خروش اور جذبہ ملا اور 46-1945 کے انتخابات میں مسلم لیگ کو تاریخ ساز کامیابی نصیب ہوئی اور صرف تین سال بعد پاکستان معرض وجود میں آگیا۔

(جاری ہے)

چودھری طارق سبحانی نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ سپوت شہر اقبال مرزا ارشد طہرانی نے دورہ قائداعظم کی یادداشتوں کو اکھٹا کرکے ایک بہت بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے جس پر میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ قائد اعظم کے دورے کی یادوں کو تازہ کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔