موسلادھار بارشوں سے کنٹونمنٹ علاقوں میں اب تک کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، وائس چیئرمین کینٹ بورڈ

پیر 29 اپریل 2024 18:06

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد فواد علی جدون نے کہا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کا سسٹم فعال نہ ہونے سے اب تک موسلادھار بارشوں سے کنٹونمنٹ ایریا میں لوگوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، بانڈہ جات کی طرف سے آنے والے نکاسی آب کے نالے کینٹ ایریا پہنچ کر گنجان آبائی کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں، نالوں میں پانی بپھرنے سے سڑکیں اور گھر تالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں، لوگوں کے گھروں میں موجود قیمتی سامان ناکارہ ہو چکا ہے۔

مختلف کنٹونمنٹ ایریا میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کی بارش کی شدید بارشوں کے باعث سپلائی، سیٹھی مسجد، گلشن اقبال، جدون پلازہ، منڈیاں اور سمال انڈسٹری کے نالوں سے تباہی مچا رکھی ہے، نالوں کی بندش اور تجاوزات کے باعث کینٹ کے علاقوں میں سیلابی پانی سڑکوں کے اوپر سے فٹوں کے حساب سے پہلے رہائشی علاقوں میں داخل ہوا اور بعد ازاں گھروں میں داخل ہونے سے گھروں میں موجود قیمتی سامان مکمل طور پر تباہ ہوا، وہ پورے علاقہ کا جائزہ لے رہے ہیں، کوئی گھر ایسا نہیں جہاں پانی داخل نہ ہوا ہو، لوگوں کے گرائونڈ فلور میں موجود سامان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، اسی طرح کینٹ و شہری علاقوں میں بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

فواد علی جدون نے کہا کہ مین شاہراہ ریشم پر کلوٹ ڈالنے کے بعد کام مکمل نہ ہونے سے پانی ریلوں کی شکل میں آبادیوں میں داخل ہوتا ہے جس سے شاہراہ ریشم کے ساتھ کنٹونمنٹ اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر انتظام سٹی و اربن علاقوں کے رہائشی شدید متاثر ہو چکے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت آج تک اپنی یونین کونسل کی آبادی کے نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے، ضلعی انتظامیہ متعدد مرتبہ ایسا ہونے کے باوجود اب تک اس مسئلہ کے حل کیلئے نہ تو کوئی پالیسی مرتب کر سکی ہے اور نہ ہی ان آبی نالوں کو متبادل رخ دینے کا پروگرام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانڈہ جات کی طرف سے آنے والے نالے شاہراہ ریشم سے ہوتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ آبادی میں داخل ہوتے ہیں، این ایچ اے کا ادارہ اتنے سال گذرنے کے باوجود اپنا کام مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے، یہاں سے منتخب رکن قومی اسمبلی کو این ایچ اے سے اپنا کام فوری مکمل کروانا چاہئے، شاہراہ ریشم کے دونوں سائیڈ پر نالوں کو مکمل کروائیں اور پہلے سے قائم نالوں کو این ایچ اے فوری صاف کروائے، این ایچ اے نے پہلے بھی کام شروع کیا تھا تاہم کام آدھے میں ہی ادھورا چھوڑ دیا تھا۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ یہ کام صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ مرکزی حکومت کا ہے، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون کو چاہئے کہ وہ یہاں کے لوگوں کے حقوق کیلئے فوری طور پر این ایچ اے سے بات کرنی چاہئے اور ان کے ادھورے کام کو فی الفور مکمل کروائیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت بانڈہ جات میں اپنی حدود کے آبی نالوں کیلئے فوری منصوبہ بندی کرے تاکہ ڈسٹرکٹ کونسل کی آبادی، بانڈہ جات اور کنٹونمنٹ کی آبادی کو آئندہ ایسے نقصانات سے بچایا جا سکے۔