ایف آئی اے کی کارروائی، منی لانڈرنگ میں ملوث خاتون گرفتار

پیر 29 اپریل 2024 18:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی ای) لاہور سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث خاتون کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمہ طاہرہ صداقت اور صداقت حسین نے 2018سے 2021کے دوران کراچی میں جعلی کمپنیاں بنائیں، کمپنی کا عملہ لوگوں کو جعلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتا تھا۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ پانچ ہزار سے زائد متاثرین سے 623ملین روپے بٹورے گئے، شہریوں کو سرمایہ کاری 18ماہ میں دگنی ہو نے کا لالچ دیا گیا، ٹھٹھہ سندھ، سمبڑیال اور بورے والا میں جعلی بکری فارم بنائے گئے، منافع سرمایہ کاروں کو روزانہ اور معاہدے کی پختگی پر دیا جانا تھا۔کمپنی کے کھاتوں میں وصول ہونے والی رقم ملزمان نیآپس میں تقسیم کرلی، ملزمان نے بکری فارمنگ کی جعلی کمپنیوں کے عوض بڑی رقم بٹوری، ملزمان نے متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں کمپنیاں قائم کرکے منی لانڈرنگ کی، لوٹی گئی رقم پاکستان سے باہر حوالہ ہنڈی کے ذریعے بھیجی گئی۔