سکھر۔حیدر آباد موٹروے،راولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ ٹنل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، ترجمان این ایچ اے

پیر 29 اپریل 2024 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی سکھر۔حیدر آباد موٹروے اور راولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ ٹنل کے تعمیری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔ ترجمان این ایچ اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق این ایچ اے ملک بھر میں جاری قومی شاہراہوں اور موٹرویز کے تعمیری و مرمتی منصوبوں کو اعلی معیار کے مطابق بروقت مکمل کرے گی۔

ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قومی شاہراہ این ۔5کے ٹھہری۔رانی پورسیکشن کی پرانی الائنمنٹ سندھ کے شہروں خیر پور۔کوٹ ڈی جی اورکمب میں سے گزرتی ہے۔این ۔5 کو جب دو رویہ کیا گیا تو اس شاہراہ کے مذکورہ سیکشن کی ری الائنمنٹ کی گئی تھی، جس سے خیرپور شہر بائی پاس ہونے کے ساتھ ساتھ ٹھہری اور رانی پور کے درمیان فاصلہ بھی کم ہو گیا۔

(جاری ہے)

این ایچ اے نئی الائنمنٹ کی دیکھ بھال کر رہی ہے، جبکہ پرانی الائنمنٹ کی بھی ضرورت کے مطابق مرمت کر رہی ہے۔ شاہراہ کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر این ایچ اے نے دو مرمتی منصوبوں کی منظوری دی، جس کے تحت 52 کلومیٹر ٹھہری، رانی پور سیکشن کے لئے 24-2023 کے سالانہ مرمتی منصوبہ جات میں 498 ملین روپے مختص کئے گئے۔ یہ دونوں مرمتی سکمیں پروکیورمنٹ کے عمل میں ہیں اور ان کی بولیاں 24 اپریل 2024 کو کھولی گئی ہیں۔

ان مرمتی منصوبوں کے دستاویزی امور آئندہ دو سے تین ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا اور تعمیر و مرمت کا آغاز جلد شروع کردیا جائے گا۔ شیڈیول کے مطابق ان سکیموں کو دسمبر 2024 تک مکمل کیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سکھر۔ حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر اور شمال میں راولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ کے مقام پر ایک ٹنل کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ٹنل کی تعمیر سے ان مشکل پہاڑی علاقوں میں سفر آسان اور محفوظ ہو جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کی بر وقت اور عالمی معیار کے مطابق تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ان منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔