انتقامی سیاست کے خاتمے سے ہی حالات بہتر ہو سکتے، مولانا جمیل اظہر

حلیم عادل شیخ کی جدوجہد لائق تحسین و قابل ستائش، سلام پیش کرتے ہیں،معروف عالم دین

پیر 29 اپریل 2024 20:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) تحریک انصاف کی مذہبی امور کمیٹی سندھ کے انچارج، جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی رہنما و معروف عالم دین علامہ جمیل اظہر وتھرا نے کہا ہے کہ ملک سے انتقامی سیاست کا خاتمہ کرکے ہی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی کی رہائی اور پی ٹی آئی کی بحالی کے لیے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ کی جدوجہد اور کاوشیں لائق تحسین و قابل ستائش ہیں جس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی سے سکھر تک حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں مرکزی چیف آرگنائزر بیرسٹر شعیب شاہین کے دورہ سندھ کے موقع پر ٹرین مارچ سندھ میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے زبردست جوش وخروش اور تحفظ آئین ٹرین مارچ کا کامیابی سے مکمل ہونا خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ اسوقت ملکی معاشی و سیاسی صورت حال انتہائی خراب ہے اور ایسی صورت حال میں حکمرانوں کو انتقامی سیاست سے اجتناب کرنا چاہئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن طاقتیں گھات لگائے بیٹھی ہیں اور ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں چنانچہ حکمرانوں کو بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ورنہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔