عوامی شکایات پر صوبہ بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کی کینٹینز کے معائنہ کی دو روزہ خصوصی مہم اختتام پذیر

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف پر لاکھوں روپے جرمانے عائد، ایک کینٹین سربمہر، غیر معیاری خوردنی تیل تلف شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے،وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر کے بڑے ہسپتالوں کی کینٹینز کی چیکنگ کی دو روزہ خصوصی مہم اختتام پذیر ہوگئی، ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خصوصی مہم کے دوران پشاور، مردان،ملاکنڈ،ہزارہ کوہاٹ،بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژنز میں78 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں سمیت دیگر سرکاری اور نجی ہسپتالوں کی کینٹینز کے تفصیلی معائنے کیے گئے، فوڈ اتھارٹی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پشاور ڈویژن میں 32،ملاکنڈ ڈویژن میں 41، ہزارہ میں 15، کوہاٹ ڈویژن میں 12،ڈی آئی خان اور مردان ڈویژنز میں 6،6 جبکہ بنوں ڈویژن کے 5 بڑے ہسپتالوں کی کینٹینز کی چیکنگ کی گئی، تفصیلات میں بتایا گیا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں کی کینٹیز اور ملحقہ فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلز وغیرہ کے متعلق شہریوں کی جانب سے موصول شکایات پر خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال، صفت غیور شہید میموریل ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اور شوکت خانم ہسپتال سمیت ورسک روڈ اور رنگ روڈ پر سرکاری ونجی ہسپتالوں کی کینٹینز پر اچانک چھاپے مارے گئیاور کینٹینز کے تفصیلی معائنے کیے گئے۔ دو روزہ چیکنگ کے دوران لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کی کینٹین کو صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر سیل کر دیا گیا۔

اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاو زیادہ تر ہسپتالوں کی کینٹینز کی حالت انسپکشن کے دوران تسلی بخش بھی قرار پائی گئی مزید تفصیلات کے مطابق انسپکشن کیدوران ائل، دودھ نمک اور دیگر خوراکی اشیاء کے نمونے موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے چیک کیے گئے 10کلونمک اور 83 لیٹرز کوکنگ ائل غیر معیاری ثابت ہونے پر تلف کیا گیا اور زائد المیعاد سافٹ ڈرنکس اور پاپس بھی برآمد کرکے ضبط کر لیے گئے تفصیلات کے مطابق مہم کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مالکان پر کل 2 لاکھ 80 ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے انسپکشن ٹیموں کی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہیکہ حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا صوبے سے ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واصف سعید نے کہا کہ ایسی خصوصی مہمات کا سلسلہ جاری رہے گا وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی