سکھر سے حیدرآباد موٹروے ترجیح، اسلام آباد سے گلگت و سکردو تک موٹروے پہنچائینگے، عبدالعلیم خان

موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا،کبھی کسی نے نہیں کہا موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، وفاقی وزیر مواصلات

پیر 29 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل ترجیح ہے ،اسلام آباد سے گلگت اور سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے۔تفصیلات کے مطاب قنیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں پٹرولنگ آفیسرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد دو تین ترجیحات بنانے کی کوشش کی، سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے رہتی ہے، سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے۔

وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ ناردرن علاقوں کیلئے بھی موٹروے بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد سے گلگت، سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے، موٹروے کی تکمیل علاقے کیلئے گیم چینجر ہوگی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کیلئے کام کرنے والے بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں، کبھی کسی نے نہیں کہا موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، موٹروے پر آنیوالے لوگ ایمانداری سے اپنا چالان اداکرتے ہیں، کبھی کسی نے پیسے موٹروے کے افسر کو دینے کی کوشش نہیں کی، امید ہے یہی روایت دیگر اداروں میں بھی بڑھاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاس آئوٹ نوجوانوں کیلئے آج بہت بڑا دن ہے، پاسنگ آئوٹ میں شریک تمام لوگوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے اپنے حلف کو بھی یاد رکھنا ہے،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے موٹروے کے 289افسران کو ایک ماہ کی تنخواہ انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔