Live Updates

پی ٹی آئی والے جیل پر حملہ کر کے عمران کو چھڑانے کی تیاری کررہے ہیں، عبدالقادر پٹیل

بیرسٹر گوہر چیئرمین پی ٹی آئی ،شامل سنی اتحاد کونسل میں ہیں، یہ تو الجبرا کا سوال ہے، طالبعلم فیل ہوجائے گا، قومی اسمبلی میں اظہار خیال

پیر 29 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) رہنماء پیپلز پارٹی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جیل پر حملہ کرکے اپنے بانی عمران خان کو چھڑانے کی تیاری کررہے ہیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ یہ وہی قانون ہے جب ہم آپ کے دفتر کے باہر ساری ساری رات بیٹھے رہتے تھے، آپ پچھلے دروازے سے چلے جاتے تھے اور پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتا تھا، پچھلی اسمبلی کا کورم کس طرح پورا کرایا جاتا ہے سب کو معلوم ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ارکان کہتے تھے ہم بل پاس کرنے پہنچ گئے ہماری جان چھوڑ دو، آپ نے ہمارے پارٹی چیئرمین کا نام لیا، بلاول پارٹی چیئرمین ہیں ان کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ تو جیل پر حملہ کر کے بانی عمران خان کو چھڑانے کی تیاری کررہے ہیں، آپ تو زور آور لوگ ہیں، آپ کو کون روک سکتا ہے، نتائج آپ کے اور دوسروں کے بھی حق میں آئے ہیں، میں 2018میں آر او آفس میں 3دن حبس بیجا میں تھا، ہم نے اس ہائوس کے تقدس کو برقرار رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آئیں ہم اور آپ مل کر اس ملک کی مشکلات میں کمی کریں، اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ساری جگہوں پر آپ جیتے ہوئے ہیں تو ان تمام سیٹوں پر اپنے لوگ بٹھا دیں اور امیرالمومنین لے آئیں، ہر ایجنسی اور طاقتور ادارے نے آپ کو کورم پورے کر کے دیئے۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ آپ اپنی روایات کو 5منٹ کیلئے یاد کریں تو آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ یہ سپیکر کس طرح سب کو موقع دیتے ہیں، ان کے نئے چیئرمین نے ایک بڑی زبردست بات کی، یہ چیئرمین یہ پی ٹی آئی کے ہیں اور شامل سنی اتحاد کونسل میں ہیں، یہ تو الجبرا کا سوال ہے، طالبعلم فیل ہوجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات