صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی، پولیو و متعدی امراض بارے اجلاس

پیر 29 اپریل 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی، پولیو و متعدی امراض کا سول سیکرٹریٹ میں دوسرا اجلاس منعقد ہوا ۔صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اجلاس کے دوران ڈینگی، پولیو، دیگر امراض کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی غزالی بٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کرنا ہوگا۔ ڈینگی پر قابو کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ گزشتہ تین برس سے پنجاب پولیو فری ہے۔ صوبائی وزیر خواجہ عمران نے اس موقع پر کہا کہ ڈینگی اور پولیو کے خاتمہ کے لئے شہریوں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور ملتان میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں بڑھانا ہوں گی۔

پنجاب میں گزشتہ تین سالوں میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونا خوش آئند ہے۔ انسداد پولیو اور ڈینگی کے لئے تمام محکموں کا بھرپور تعاون درکار ہوگا۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اس موقع پر کہا کہ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پولیو، ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت موثر لائحہ عمل اپنائے۔

پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ پنجاب تین سال سے پولیو فری ہے لیکن ماحولیاتی نمونوں کا مثبت آنا باعث تشویش ہے۔ اوکاڑہ، قصور اور راجن پور میں انسداد پولیو مہم کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے کام کی بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔ فیصل آباد میں ڈینگی سرویلنس اور لاروا کی تلفی کو تیز کیا جائے۔