کمشنر راولپنڈی کی ایم ڈی واسااورعملے کوحالیہ بارشوں کے دوران فیلڈ میں رہنے کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے حالیہ بارشوں سے نمٹنے کیلئے واسا کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے واسا کے عملے کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایم ڈی واسا خود فیلڈ میں رہیں اور اس بات کویقینی بنائیں کہ کہیں بھی پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔

عامر خٹک نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں کا خصوصی خیال رکھیں کہ وہاں بارشی پانی کھڑا نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشیں ڈینگی افزائش کے لئے ساز گار ہیں اس لئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں بھی پانی جوہڑ کی شکل میں جمع نہ ہونے پائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ راولپنڈی کے نالوں کی ڈ سلٹنگ جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ بارشی پانی کی نکاسی کا بہاؤ متاثر نہ ہو اور اس دوران نکاسی آب کا مسئلہ باقی نہ رہے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے، بارشوں میں واسا کا عملہ مشینری کے ہمراہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہے اور شہریوں کی شکایات پر فوری عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہاہے۔کمشنر آفس راولپنڈی میں واسا سے متعلقہ اس اجلاس میں ڈی جی آرڈی اے ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شمس الرحمان، ایم ڈی واسا و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :