غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کرنے والے طلبہ پر امریکی پولیس کا کریک ڈائون قابل مذمت ہے،ایران

منگل 30 اپریل 2024 10:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ایران نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کرنے والے طلبہ پر امریکی پولیس کا کریک ڈائون قابل مذمت ہے،دوسروں کو انسانی حقوق کا درس دینے والے خود اس پر عمل کرنے سے عاری ہیں۔

(جاری ہے)

العربیہ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کا بڑا دعویدار ہے لیکن عملاً خود انہیں نظر انداز کررہا ہے،غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر امریکی پولیس کے کریک ڈائون کی مذمت کرتے ہیں۔

واضح رہے امریکی یونیورسٹیاں فلسطینیوں کے حامی مظاہروں سے لرز اٹھی ہیں ،ان مظاہروں کے دوران پولیس اور طلبہ میں جھڑپیں بھی ہوئیں جن کے بعد 275 سے زیادہ طلبہ کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔دوسری جانب فرانس کی بھی کئی یونیورسٹیوں میں غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔