نیویارک،غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج جاری رکھنےوالے طلبہ کا کولمبیا یونیورسٹی سے اخراج شروع

منگل 30 اپریل 2024 11:00

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) نیو یارک سٹی کی کولمبیا یونیورسٹی نے کیمپس میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج میں شامل طلبہ کو احتجاج ختم کرنے کی ڈیڈ لائن کی خلاف ورزی پر یونیورسٹی سے خارج کرنا شروع کر دیا ہے۔امریکی حکام نے طلبہ کو احتجاجی کیمپ ختم کرنے کے لئے پیر کی سہ پہر دو بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی اور خبر دار کیا تھا کہ اس ڈیڈ لائن سے پہلے احتجاج ختم کرنے کی صورت میں ان کو سمسٹر مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی لیکن ڈیڈ لائن کے بعد احتجاج جاری رکھنے والے طلبہ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

حکام نے بتایا تھا کہ کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ نے حکام کی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈیڈلائن گزرنے کے بعد ایک بار پھر ریلی نکالی ۔

(جاری ہے)

ادھر امریکی ریاست ٹیکساس کی آسٹن کی یونیورسٹی میں ایسی ہی صورتحال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میں درجنوں طلبہ کو گرفتار کر لیا اور ان کا احتجاجی کیمپ اکھاڑ دیا۔حکام نے بتایا کہ آسٹن یونیورسٹی میں طلبہ نے غزہ کے مکینوں کی حمایت میں احتجاج ختم کرنے کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن کو نظر انداز کر دیا تھا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کرنے والوں میں ایسے لوگ بھی شامل تھے جو یونیورسٹی کے طالب علم نہیں اور اس کے علاوہ ان لوگوں نے اپنے پاس پتھر بھی جمع کر رکھے تھے۔رپورٹ کے مطابق یہاں سے پولیس نے تقریباً 50 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے رواں ماہ کولمبیا یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاجی کیمپ کو ختم کرنے کے لئے یہاں سے ایک سو سے زیادہ طلبہ کو گرفتار کر لیا تھا تاہم اس کے بعد اسی طرح کے مظاہرے پورے امریکا میں پھیل گئے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن نے ایکس پر جاری بیا ن میں کولمبیا یونیورسٹی میں جاری طلبہ کے احتجاج کو یہود دشمنی قرار دیا اور طلبہ و اساتذہ دونوں پر یہود دشمنی کا الزام عائد کیا تھا۔ سپیکر کے علاوہ امریکی کانگرس کے 21 ارکان نے کولمبیا یونیورسٹی میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف طلبہ کے احتجاج کو یہود دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان طلبہ کے ساتھ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ان کا احتجاج ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کا وقت آگیاہے۔ طلبہ نے اس اندیشے کا اظہار کیا ہے کہ پولیس ان کے خلاف مزید کارروائی کر سکتی ہے۔