ضلع بھر کی عوام انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کے ساتھ اپنا تعاون یقینی بنائیں،ڈپٹی کمشنر

منگل 30 اپریل 2024 14:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرورنے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کی ٹیمیں اپنے فرائض منصبی نہایت ہی خوش اسلوبی کےساتھ سر انجام دے کر ضلع جھل مگسی کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف عمل ہیں ، فرائض منصبی کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت برتنے سے گریز کریں۔

انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جو پولیو کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں ان کو پورا کرنے میں تمام تر توانائیاں صرف کریں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پولیو ایوننگ ریویو اجلاس کے دوران کیا ۔اجلاس میں ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر رخسانہ مگسی صاحبہ ، ڈی ایس ایم (پی پی ایچ آئی) جھل مگسی تنویر احمد بلیدی ، (این اسٹاپ آفیسر) ڈاکٹر حمایت اللّٰہ،لائن ڈپارٹمنٹس کے افسران ، مانیٹرز و دیگرافسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جاری مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ضلع بھر کی عوام انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلا کر اپنے مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں مثبت کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان سے اس خطرناک موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو۔