بھارت،بھارتی فورسز نے چھتیس گڑھ میں سات افراد کو ہلاک کر دیا

منگل 30 اپریل 2024 17:11

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) بھارتی فورسز نے شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں ایک کارروائی کے دوران سات افراد کوگولی مارکر ہلاک کر دیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایاکہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس اور ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ ز کے اہلکاروں نے منگل کو چھتیس گڑھ کے نارائن پور اور کانکیر اضلاع کی سرحد پر جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران سات افراد کو ہلاک کیا۔

بھارتی پولیس نے ہلاک ہونے والوں کو نکسلی گوریلے قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایک پولیس افسرنے بتایا کہ اسپیشل ٹاسک فورس اور ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ زنے نکسل مخالف آپریشن کے دوران سات نکسلیوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں سیکورٹی اہلکاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔دریں اثناء چھتیس گڑھ کے قبائلی خطے بستر میں واقع ضلع دانتے واڑہ کے علاقے پوٹالی میں کانگریس کے ایک رہنما اور سابق پنچایت ممبر44سالہ جوگا پوڈیام کو ان کے گھر میں گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ حملہ آوروں نے پہلے بجلی منقطع کر دی، اس کے بعد مذکورہ شخص کو گھسیٹ کرگھرسے باہر لے گئے اور اس کا گلا کاٹ دیا۔