اسلام آباد، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تربیتی ورکشاپ

منگل 30 اپریل 2024 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مجلات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ایڈیٹرز اور مدیران کی تربیت کے لئے اسلامک ریسرچ انڈیکس شعبہ فکر اسلامی، تاریخ و ثقافت، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ رحمت للعالمین اتھارٹی کے چئیرمین خورشید احمد ندیم افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔

کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے ورکشاپ کی صدارت کی۔دیگر مقررین میں ڈاکٹر حافظ محمد سجاد، ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی اور ڈاکٹر محمد ریاض شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشد ندیم نے کہا کہ تحقیق ادارے کا چہرہ ہوتا ہے، ادارے کے معیار کا پتہ اُن کے تحقیقی کام سے چلتا ہے، اس لئے تحقیق کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحقیق میں روایت کولے کر آگے بڑھنا ہوگا اور روایت بہتے دریا کا نام ہے۔تحقیق میں پروف ریڈنگ کے کام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بڑے لوگ چھوٹا کام بھی بڑے لوگوں کی طرح کرتے ہیں، یعنی پروف ریڈنگ کے کام کا وہ باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ ہماری فیکلٹی سے رواں سال 6تحقیقی مجلات شائع ہوں گے جس میں 3 پہلے سے شائع ہوررہے ہیں جبکہ 3 پائپ لائن میں ہیں جس کی اشاعت رواں سال شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تخلیقی عمل کے بغیر تحقیق بے معنی ہے اس لئے محققین کو اپنی تحقیق میں تخلیق کو شامل کرنا ہوگا۔ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے تحقیق کے 3 معیارات بیان کرتے ہوئے اخلاقی معیارپر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی معیارات دین کا لازمی حصہ ہے جس کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام اجتہاد بالمقاصد کے موضوع پر 3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس 22تا 24مئی منعقد کی جائے گی۔