بلوچستان بھر میں شہید ہونے والے مزدوروں اور پورے محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران

منگل 30 اپریل 2024 18:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں شہید ہونے والے مزدوروں اور پورے محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت کا دن ہے، یہ دن ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی 1886 کو شگاگو کے مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انکی عظیم قربانی کیوجہ سے مزدوروں کے کام کے اوقات کار 8 گھنٹے کردیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں مزدوروں اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلیے جامع اور مربوط پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان عالمی قوانین کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں موجود پیشہ ور مزدوروں اور انکے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔

صوبائی حکومت صوبے میں کام کرنے والے تمام مزدور پیشہ افراد کا تحفظ یقینی بنارہی ہے۔ مزدوروں کی اجرت میں اضافے سمیت ان کے بچوں کو اعلی تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے قانون سازی سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور رسول ﷺ کا حکم ہے کہ مزدوروں کے حقوق کو اہمیت دی جائے ، اس ضمن میں صوبائی حکومت مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت مزدوروں کے تحفظ سمیت انکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ آئیے آج کے دن محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں تاکہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔