صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت سی اینڈ ڈیبلیو میں اہم اجلاس

سپریم کورٹ کے حکم کی مطابق صوبہ بھر کی شاہراہوں کے اردگرد قائم تجاوزات کو فوری ختم کرنے کی ہدایت

منگل 30 اپریل 2024 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کروانے کیلئے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ متحرک ہیں۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت سی اینڈ ڈیبلیو میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈیبلیو پنجاب سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری موسی رضا، صوبہ بھر کے ایکسین نے شرکت کی۔

اجلاس میں شاہراہوں کے تعمیراتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تجاوزات کے خلاف فوری ایکشن کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کی شاہراہوں کے اردگرد قائم تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے گا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حادثات سے بچاو کے لیے تمام شاہراہوں کے شولڈر کو چیک کیا جائے۔

(جاری ہے)

جن شاہراہوں کے شولڈز/ کنارے خراب ہیں ان کو فوری مرمت کی جائے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ پانچ ایکسپریس ویز کی تعمیر کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔شاہراہوں پر آنے والی اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔پورا محکمہ ایک ٹیم کی صورت میں کام کرے۔ اوورلوڈ گاڑیوں و ٹرکوں کو پکڑیں اور عوام الناس کی آسانی کے لیے تمام شاہراہوں پر سائن بورڈ لگائیں جائیں جس کے لئے صوبائی وزیر کی جانب سے ایکسین کو ٹاسک تفویض کئے گئے۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ 139 ارب سے پانچ ایکسپریس ویز کا قیام اس حکومت کا عوام کے لیے تحفہ ہے۔جنوبی پنجاب کے اضلاع کو آپس اور موٹروے انٹرچینجز تک ملایا جائے گا۔روڑ بحالی پلان اور شاہراہوں کے رائٹ آف وے کے لیے لینڈ ایکوائر کا کام شروع کیا جائے۔اجلاس میں خانقاں ڈوگراں، لیہ چیچہ وطنی، ناروال روڑ، وہاڑی ملتان، شجاع آباد فلائی اوور، خانیوال لودھراں، سمندری ساہیوال کے پروجیکٹس کے کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا۔