دبئی سے سکردو کے لئے 3 مئی سے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع ہوں گی

منگل 30 اپریل 2024 21:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے قونصل جنرل حسین محمد کے ہمراہ دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے وفد سے ملاقات کی ۔ دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں بتایا گیا کہ پی آئی اے 3 مئی 2024 سے پاکستان کے شمالی علاقے سکردو کے لئے براہ راست پروازیں شروع کر رہا ہے تاکہ سیاحوں اورعلاقے کے رہائشیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیرفیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے بلتستان کے سیاحوں اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 8000 میٹر سے اوپر کی پانچ چوٹیاں ہیں جن میں سے 4 سکردو میں واقع ہیں جبکہ ہمارے ملک میں 7،000 میٹر سے اوپر 108 چوٹیاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو دنیا کے سب سے خوبصورت مقامات میں سے ایک کے لئے براہ راست پرواز لینے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی علاقہ جات کی بے مثال قدرتی خوبصورتی کو دریافت کرنے کی دعوت دی۔ سکردو میں 2226 میٹر کی بلندی پر واقع کٹپنا سرد صحرا دنیا کا بلند ترین سرد صحرا ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ سکردو خوبصورت جھیلوں، وادیوں اور حیرت انگیز مناظر کا حامل علاقہ ہے۔

پی آئی اے کی ٹیم میں ریجنل منیجر مڈل ایسٹ ذیشان احمد، سیلز ایگزیکٹو محمد قاسم عباسی، منیجر شارجہ و ناردرن امارات سرمد اعزاز اور ابوظہبی کی ایریا منیجر صائمہ اسلم شامل تھیں۔ذیشان احمد نے پی آئی اے کے اس اقدام کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کرنے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔\932