پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف کا یوم مئی پر پیغام

بدھ 1 مئی 2024 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو، حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، کم لاگت کی رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم مزدور، یکم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ملک کے ان تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا جو رزق حلال کے حصول کی خاطر کھیتوں، کھلیانوں، کارخانوں اور مختلف شعبوں میں محنت سے دن رات اس ملک کی معیشت اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ لوگ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کے لیے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے عین مطابق ہم پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے فروغ، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات اور گھریلو ملازمتوں پر مامور افراد کیلئے قانون سازی کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت (او ایس ایچ)کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ہم جلد ہی اس مقصد کے لیے ایک قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے۔ کان کنی کے حوالے سے او ایس ایچ پر بین الاقوامی تنظیم برائے لیبر کے 176 ویں کنونشن کی توثیق کے لیے بھی حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس کا مقصد کان کنوں کے کام کے دوران تحفظ اور انکی صحت کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔

حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو۔ اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بالخصوص ایسی باہمت خواتین جو اپنے خاندان کیلئے روزی کمانے کیلئے معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں، انکے حوصلے وعزم کی داد دی اور انکی عظمت کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مستقل مزاجی سے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ ہمیں امید ہے کہ مالی و اقتصادی استحکام کے موجودہ مثبت رجحان کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ تاہم روزگار کے نئے مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کیلئے ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہو گی۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان نے اپنی افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے ملک کے نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو، عزت ہو، انہیں یکساں ترقی کے مواقع میسر ہوں اور ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام محنت کش افراد بااختیار ہوں۔