آسٹریلیا نے2020 میں کئی بھارتی جاسوسوں کوملک بدر کردیاتھا ،اے بی سی رپورٹ

بدھ 1 مئی 2024 18:10

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ABC)کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے آسٹریلیا نے بھارت کے کئی جاسوسوں کو ملک بدرکردیا ہے جو حساس دفاعی منصوبوں ،ہوائی اڈے کی سکیورٹی اور تجارتی تعلقات کے بارے میں خفیہ معلومات چرانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ آسٹریلوی سکیورٹی انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ASIO) نے 2020 میں بھارتی جاسوسوں کا ایک گروپ پکڑا تھا جو آسٹریلیا میں مقیم بھارتیو ں پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھا اورموجودہ اور سابق سیاستدانوں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ’’را‘‘ کے انٹیلی جنس افسران کو 2020میں آسٹریلیا سے نکال دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اے بی سی کے انکشافات نئے نہیں ہیں کیونکہ ASIOکے ڈائریکٹر جنرل مائیک برجیس نے 2021میں اپنی سالانہ رپورٹ میں جاسوسوں کے نیٹ ورک کا اشارہ دیا تھاتاہم، انہوں نے اس وقت ملک کا نام نہیں لیاتھا۔ برجیس نے مارچ 2021میں کینبرا میں ASIOکے ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریر میں کہا تھاکہ جاسوسوں نے موجودہ اور سابق سیاستدانوں، ایک غیر ملکی سفارت خانے اور ریاستی پولیس سروس کے ساتھ تعلقات استوار کیے تھے۔

انہوں نے اپنے ملک کے باشندوں کی نگرانی کی اور آسٹریلیا کے تجارتی تعلقات کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ جاسوسوں نے ایک سرکاری ملازم سے کہا کہ وہ ایک بڑے ہوائی اڈے پر سکیورٹی پروٹوکول کے بارے میں معلومات فراہم کرے۔اے بی سی نے کہا کہ قومی سلامتی کے افسران اور حکومتی شخصیات نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی جاسوسوں کے اس گروپ کو چلارہی تھی اور حکومت نے آسٹریلیا سے متعدد بھارتی عہدیداروں کو نکال دیا تھا۔برجیس نے2022 کی سالانہ رپورٹ میں کہاتھا کہ جاسوسی ان ممالک کی طرف سے کی جاتی ہے جنہیں ہم دوست سمجھتے ہیں۔