ملتان میں یوم مزدور پر ریلیاں، محنت کشوں کی اجرت میں اضافے کا مطالبہ

بدھ 1 مئی 2024 18:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) یوم مئی کے موقع پر مزدوروں اور محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈرز یونین رجسٹرڈ این آر سی کے زیر اہتمام نواں شہر چوک سے ملتان پریس کلب تک، امن پنجاب رکشہ ڈرائیورز یونین کے زیر اہتمام سمیجہ آباد 40 فٹی روڈ پر جبکہ مختلف مزدور یونینز کے زیر اہتمام شہر بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

ریلیوں میں مزدورں، سول سوسائٹی ،وکلاء اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ریلییوں کے شرکاء مزدوروں کی جانب سے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ پرائیویٹ مزدوروں اور بھٹہ پر کام کرنے والے مزدوروں کو جلد سے جلد رجسٹر ڈ کرے تاکہ ان کو آئی بی یو سوشل سکیورٹی کی سہولیات میسر آ سکیں،نجی شعبہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور مزدروں کی اجرت میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے بیوی بچوں کا گزر بسر بہتر طریقے سے کر سکیں،مل مزدورں اور پرائیویٹ شعبہ کے مزدور ملازمین کے لیے لیبر کالونیاں بنائی جائیں،مزدروں کیلئے ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کا اعلان اور رجسٹریشن کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے حکومت سے مزدوروں، کسانوں اورطلباء کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مزدور پیشہ طبقے کیلئے آٹا، گھی، چینی، پٹرولیم مصنوعات،سوئی و ایل پی جی گیس سمیت دیگر روز مرہ استعمال کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی کیلئے اقدامات کرے۔