ایم کیو ایم وفد کی ڈی جی نادرا سندھ اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن سے ملاقاتیں

مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات پر تشویش کا اظہار

بدھ 1 مئی 2024 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے ڈی جی نادرا سندھ اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن سے علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق ڈی جی نادرا سندھ سے مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے نادرا دفتر کے اوقات بڑھا کر اسے ڈبل شفٹ میں چلایا جائے، شہر کے مختلف علاقوں میں نادرا کے موبائل یونٹ بھیجے جائیں۔

(جاری ہے)

امین الحق نے کہا کہ نادرا پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کرے۔ایم کیو ایم وفد نے ضلع غربی میں پانی کی قلت پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن صلاح الدین سے ملاقات کی۔

امین الحق نے کہا کہ کراچی کے بیشتر علاقے باالخصوص اورنگی ٹان پانی سے محروم ہے جہاں ٹینکر مافیا کا راج ہے، اورنگی ٹاؤن میں بسے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کنکشن قائم ہیں، غیرقانونی کنکشنز کا خاتمہ کر کے پانی چوری کو روکا جائے، پورے شہر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہے۔