لیسکو میں اووربلنگ سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا،سات روز میں جواب طلب

گزشتہ سال نومبر میں یقین دہانی کے باوجود اووربلنگ کی گئی، سزائوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے‘ چیف ایگزیکٹو کا مراسلہ

جمعرات 2 مئی 2024 16:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )میں اووربلنگ سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد حیدر نے تمام سرکلز کے ایس ایز سے اووربلنگ پر سات روز میں جواب طلب کر لیا۔کمپنی کے ناردرن سرکل، سینٹرل اور ایسٹرن سرکل کے ایس ایز سے جواب طلب کر لیا گیا ہے، مراسلے کے مطابق سائوتھ، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ سرکل کے ایس ایز سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اووربلنگ نہ ہونے کی یقین دہانی کے باوجود اووربلنگ کی گئی، اس لئے اووربلنگ کرنے والوں کیخلاف سنائی جانے والی سزائوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب بجلی چوری اور اووربلنگ کرنے والوں کے خلاف کریمینل ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کیساتھ ساتھ ملوث افسران و ملازمین کی سزائوں کی تفصیلات ہیڈکوارٹرز جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، اسی طرح اووربلنگ ختم کرکے سات روز میں رپورٹ دی جائے۔